مہر خبررساں ایجنسی نے برطانوی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ کے وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برطانیہ کے یونین سے اخراج کو روکنے کے لیے اپنے نظام میں اصلاحات متعارف کرائے۔ منگل کو لندن کے ایک تھنک ٹینک میں سفارت کاروں، کاروباری شخصیات اور صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیرِاعظم نے یورپی یونین سے متعلق اپنی پالیسی کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ یونین کو مشترکہ کرنسی 'یورو' استعمال نہ کرنے والے ارکان کی معیشتوں کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔ برطانوی وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ اگر یورپی یونین ایک ہی کرنسی استعمال کرنے والے ممالک کا کلب بنی تو برطانیہ اس کا حصہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ براعظم یورپ کے ملکوں کا ایک ایسا اتحاد چاہتا ہے جس میں رکن ملکوں کو فیصلہ کرنے کی آزادی ہو اور ساتھ ہی ساتھ وہ اپنے عوام کے تحفظ، سلامتی اور ترقی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون بھی کرسکیں۔ ڈیوڈ کیمرون کی کنزرویٹو حکومت برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے کی حامی ہے لیکن یورپی یونین کے بڑھتے ہوئے اختیارات اور ملکی معاملات میں مداخلت پر اندرونِ ملک بڑھتی ہوئی مخالفت کے باعث برطانوی حکومت نے2017ء میں اس معاملے پر ریفرنڈم کا اعلان کر رکھا ہے۔
آپ کا تبصرہ